کورونا ویکسین سائنو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں

کورونا ویکسین سائنو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین سائنو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ چکی ہیں جن کی ویکسی نیشن سینٹرز میں ترسیل کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سائنو ویک کی 15 لاکھ 50 ہزار خوراکیں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے خصوصی طیارے کے ذریعے چین سے اسلام آباد پہنچائی گئی ہیں۔ ویکسین کی ترسیل کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آئندہ ہفتے تک 20 سے 30 لاکھ تک مزید خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔
واضح رہے کہ محکمہ صحت نے بتایا تھا کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں کے متعدد سینٹرز میں انسداد کورونا ویکسین کی قلت کا سامنا ہے، متعدد سینٹرز میں ویکسین ختم ہو چکی تھی جس کی وجہ سے ویکسی نیشن کیلئے آنے والے شہریوں کو واپس بھیجا جا رہا تھا جس پر شہریوں نے بھی پریشانی کا اظہار کیا تھا۔ 
سندھ حکومت کی ٹاسک فورس نے بھی گزشتہ روز اجلاس میں ہی صوبے بھر کے ویکسی نیشن سینٹر ایک روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ روسی ویکسین ’سپوتنک وی‘ جون کے آخری ہفتے میں آجائے گی، اس کے علاوہ 21 جون کو سائینو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں، 23 جون کو کین سائینو کی 7 لاکھ اور پاک ویک کی 4 لاکھ خوراکیں صوبے کو مل جائیں گی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو دنوں سے ملک کے بڑے ویکسی نیشن سینٹرز میں ویکسین کی قلت کی خبریں آ رہی ہیں تاہم 15 لاکھ ویکسین کی کھیپ آج پہنچ رہی ہے جبکہ اگلے 10 روز میں ملک میں مزید 50 لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں پہنچ جائیں گی۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ 12 سے 18 جون کے دوران ملک بھر میں 23 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی، اس طرح یومیہ تین لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی گئی جبکہ اگلے ہفتے پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہو گا۔