اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اختیارات محدود کرنے کا آرڈیننس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اختیارات محدود کرنے کا آرڈیننس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے گورنر کی جانب سے اسمبلی اختیارات محدود کرنے کا آرڈیننس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ۔ درخواست میں حکومت پنجاب ، ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ گورنر پنجاب نے اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے آرڈیننس جاری کیا ۔ لاہور ہائی کورٹ نے فوری حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی ، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کیلئے طلب کرتے ہوئے پنجاب حکومت سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر کے 24 جون کو جواب طلب کر لیا ۔

واضح رہے کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے میں بجٹ اجلاس پر آئینی بحران کے بعد صوبائی کابینہ نے اسپیکر کے اختیارات معطل کرتے ہوئے 3 آرڈیننس جاری کیے تھے ۔ جس کے بعد پنجاب اسمبلی کے انتظامی امور پنجاب حکومت کے پاس آگئے ہیں اور سیکرٹری اسمبلی کے اختیارات کو ختم کر دیا گیا ہے ۔ پنجاب اسمبلی پریولیجز ایکٹ بھی ختم کر دیا گیا ہے ۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت عطا تارڑ نے کہا کہ اب سرکاری افسران کو سزائیں دینے کا حق اسپیکر کے پاس نہیں رہا ، اب سیکرٹری قانون اسمبلی اجلاس بلائیں اور ختم کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر پنجاب کو حق حاصل ہے کہ وہ جہاں چاہیں اجلاس بلا سکتے ہیں ۔

مصنف کے بارے میں