قومی و صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے فوج سے مدد طلب 

قومی و صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے فوج سے مدد طلب 

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے صوبائی و قومی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھیجے گئے مراسلے میں پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کراچی کے ضمنی انتخاب، سندھ کے بلدیاتی انتخابات اور پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخابات کیلئے سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے مراسلے میں کہا ہے کہ گزشتہ عام انتخابات سمیت ضمنی و بلدیاتی الیکشن میں انتہائی حساس ترین پولنگ سٹیشنوں پر پاک فوج نے مثالی کردار ادا کیا جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حال ہی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی سیکیورٹی کی خدمات احسن طریقے سر انجام دیں۔
انہوں نے مراسلے میں امید کا اظہار کیا کہ آئندہ آنے والے ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں بھی پاک فوج بہترین طریقے سے اپنی خدمات سر انجام دے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات 17 جولائی، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کراچی میں ضمنی انتخاب 27 جولائی، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 26 جون اور دوسرا مرحلہ 24 جولائی، اور پی کے 7 سوات میں ضمنی الیکشن 26 جون کو شیڈول ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں