سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں: بزنس کونسل 

سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں: بزنس کونسل 
سورس: File

اسلام آباد: سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین فہد بن محمد الباش نے کہا ہے کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سعودی سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطح کے وفد نے سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین فہد بن محمد الباش کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کیا اور مقامی ہوٹل میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین کے ساتھ باہمی تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے ملاقاتیں کیں۔

وفد میں زراعت، فارماسیوٹیکل، طبی آلات، فوڈ پروسیسنگ، تجارت، تعمیراتی مواد، سیاحت سمیت بہت سے شعبوں کی نمائندگی شامل ہے، یہ وفد لاہور اور کراچی کا دورہ بھی کرے گا۔

سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین فہد بن محمد الباش نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کے اعلیٰ سطح کے تعلقات کی طرح باہمی معاشی تعاون اور تجارت کے تعلقات کی سطح بھی اتنی ہی بلند ہونی چاہیے تاکہ اچھے نتائج حاصل کیے جاسکیں۔

 انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کو کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ معیشت بہتر کی جاسکے۔ سعودی عرب میں 20 فیصد افرادی قوت کا تعلق پاکستان سے ہے، ان کا ملک پاکستان سے مزید تربیت یافتہ افرادی قوت درآمد کرنا چاہتا ہے۔

 فہد بن محمد الباش کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی معیشت میں کیمیکل انڈسٹری، رئیل اسٹیٹ، سیاحت میں پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے اچھے مواقع ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع دیکھے ہیں، ہم دونوں ممالک کے سفارت خانوں کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔