وزیراعظم نے پاک افغان سرحد فوری کھولنے کے احکامات جاری کر دیئے

وزیراعظم نے پاک افغان سرحد فوری کھولنے کے احکامات جاری کر دیئے

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے پاک افغان سرحد فوری کھولنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا حالیہ دنوں میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے افغان سر زمین پر موجود پاکستان دشمن عناصر سے جا ملتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی ، ثقافتی تعلقات ہیں اور فیصلہ کیا ہے کہ جذبہ خیر سگالی کے تحت سرحدیں فوری کھول دی جائیں۔ 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جن وجوہات پر سرحد کو بند کیا گیا تھا ان کے تدارک کے لیے افغان حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم نے بارہا اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں امن اور سلامتی کے لئے افغانستاں میں دیرپا امن اور سلامتی ناگزیر ہے اور پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لئے افغان حکومت سے تعاون جاری رکھے گا۔

واضح رہے گزشتہ ماہ ملک میں دہشت گردی کے یکے بعد دیگرے واقعات کے بعد چمن اور طورخم کے مقام پر پاک-افغان سرحد کو پاک فوج نے سیکیورٹی خدشات کے باعث گزشتہ ماہ 16 فروری کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور 7 مارچ کو 2 دن کے لئے سرحد کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پاک، افغان سرحد بند ہونے کے باعث ہزاروں ٹرک سرحد کی دونوں جانب پھنس گئے تھے اور تاجروں کے لاکھوں روپے ڈوب جانے کا خدشہ بھی تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں