شراب کی فروخت پر پابندی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل

شراب کی فروخت پر پابندی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل

لاہور: جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے آج شراب کی فروخت پر پابندی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت شراب کے قانونی بیوپاریوں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ فیصلہ صادر کرنے سے قبل ہائی کورٹ نے ہمارا موقف ہی نہیں سنا۔

جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ شراب کی ریگولیشن ہائی کورٹ کا کام نہیں اگر کوئی قانون پر عمل نہیں کرتا تو پولیس کا کام ہے کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کرے۔

سپریم کورٹ نے سندھ میں شراب کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ عبوری طور پر معطل کرتے ہوئے سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔ درخواست کی آئندہ سماعت سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ کرے گا۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کوٹ نے گزشتہ دنوں صوبے بھر میں شراب کی خرید و فروخت کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں