زینب قتل کیس: عدالت نے مجرم عمران کی سزائے موت کیخلاف اپیل خارج کر دی

زینب قتل کیس: عدالت نے مجرم عمران کی سزائے موت کیخلاف اپیل خارج کر دی

لاہور: زینب قتل کیس کے مجرم عمران نے لاہور ہائیکورٹ میں رحم کی اپیل کی تھی جسے ڈویژن بینچ نے خارج کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چوہدری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کی سزا کیخلاف اپیل کی سماعت کی۔ دوران سماعت مجرم عمران کے وکیل نے دلائل دینے کیلئے مہلت کی استدعا کی، جس پر جسٹس صداقت علی خان نے مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ زینب کیس کی کارروائی میں تاریخ نہیں دیں گے۔

سماعت کے دوران مجرم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران اصل مجرم نہیں اور ٹرائل کورٹ نے کیس کا فیصلہ سنانے میں عجلت کی۔ جس پر جسٹس صداقت علی خان نے ریمارکس دیئے کہ مجرم عمران نے سزا میں کمی کی اپیل دائر کی اور آپ بریت کہ بات کر رہے ہیں جب عدالتیں بروقت فیصلہ کریں تو آپ کو اعتراض نہیں کرنا چاہیے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد عمران کی سزائے موت کیخلاف اپیل خارج کرتے ہوئے انسداد ِدہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سنائی گئی پھانسی، عمر قید اور جرمانے کی سزا برقرار رکھی، مجرم کے پاس اب سزا کیخلاف اپیل کیلئے سپریم کورٹ کا فورم موجود ہے۔