ویسٹ انڈین بورڈ دورہ پاکستان کیلئے اپنے کرکٹرز پر مہربان

ویسٹ انڈین بورڈ دورہ پاکستان کیلئے اپنے کرکٹرز پر مہربان

لاہور: ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ اپنے کنٹریکٹ اور غیر کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے پر تقریباً 25 ہزار ڈالر اضافی ادائیگی کررہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ کو مدنظر رکھا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والے کھلاڑیوں کو معمول کی ادائیگی سے تقریباً 70 فیصد زیادہ معاوضہ ملے گا۔کرکٹ ویسٹ انڈیز کی جانب سے رواں برس جنوری میں اعلان کردہ کنٹریکٹ کے مطابق غیر کنٹریکٹ یافتہ ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کی اکثریت کے معاوضوں میں فی میچ 1725 سے 5 ہزار ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جبکہ تینوں فارمیٹس کے میچز کیلئے میچ فیس بھی دگنی کردی گئی ہے۔
اب ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ پاکستان کرکٹ بورڈ سے دورے کے عوض ملنے والے پیسوں میں سے اپنے کھلاڑیوں کو اضافی پیسے ادا کرے گا، چونکہ ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ نہیں ہے لہٰذا اس دورے کے لیے پی سی بی ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کو مخصوص رقم ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز یکم ،2 اور 3 اپریل کو کراچی میں ہوگی اور ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے 13 رکنی اسکواڈ کا بھی اعلان کردیا ہے۔