جعلی اکاؤنٹس کیس، بلاول اور آصف زرداری نیب کے سامنے پیش ہو گئے

جعلی اکاؤنٹس کیس، بلاول اور آصف زرداری نیب کے سامنے پیش ہو گئے
کیپشن: قیادت سے اظہار یکجہتی کے لیے جیالوں کو اسلام آباد پہنچنے کا حکم۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نیب تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو گئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

بلاول بھٹو نے پیشی سے پہلے حبیب جالب کے اشعار میں اظہار کرتے ہوئے کہا میں بھی خائف نہیں تختہ دار سے، میں بھی منصور ہوں کہہ دو اغیار سے، کیوں ڈراتے ہو زنداں کی دیوار سے، ظلم کی بات کو جہل کی رات کو، میں نہیں مانتا میں نہیں جانتا ۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی چوک سے پارلیمنٹ جانے والے راستے کو بھی پولیس کی جانب سے بند کر دیا گیا ہے اور غیر متعلقہ افراد کو نیب ہیڈ کوارٹر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ہی نیب آفس تک جا سکیں گے۔

سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ روز آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی دس دن کے لیے عبوری ضمانت منظور کی تھی اور اس سے قبل ان کے کیس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔