نیب ہیڈ کوارٹر جانے کی کوشش, پیپلز پارٹی کے درجنوں کارکنان گرفتار

نیب ہیڈ کوارٹر جانے کی کوشش, پیپلز پارٹی کے درجنوں کارکنان گرفتار
پتھراؤ کی زد میں آ کر ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی قیادت کی نیب ہیڈکوارٹر طلبی کے موقع پر جیالوں نے نیب دفتر جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 150 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔


نادرا چوک پر موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے رکاوٹیں ہٹا دیں اور نیب ہیڈ کوارٹرز کی جانب جانے کی کوشش کی اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا جس کی زد میں آ کر ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

پولیس نے جیالوں کو پیچھے دھکیلنا شروع کیا تو کارکنان مشتعل ہوئے جس پر پولیس نے پکڑ دھکڑ کرتے ہوئے 150 سے 200 کارکنوں کو گرفتار کرتے ہوئے اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے جیالوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کارکنوں کو گاڑیوں میں اٹھا کر لے جا رہی ہے۔ پُرامن کارکنوں کی گرفتاریاں فوری طور پر بند کی جائیں۔ کارکنان اپنے قائد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں۔