زیارت کے قریب دہشت گردوں کے حملے میں 6 لیویز اہلکار شہید

زیارت کے قریب دہشت گردوں کے حملے میں 6 لیویز اہلکار شہید
کیپشن: دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے جبکہ لیویز اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

زیارت: بلوچستان کے ضلع زیارت سنجاوی لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کر کے 6 لیویز اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق لال کٹائی سنجاوی لیویز چیک پوسٹ پر آج صبح دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا، فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے چیک پوسٹ پر تعینات 6 لیویز اہلکار شہید ہو گئے جن میں مہتاب الدین دفعدار، عبدالحکیم اللہ، فقیر محمد، محمد عثمان، عبدالشکور اور داد محمد سپاہی شامل ہیں۔

دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے جبکہ لیویز اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ اطلاع ملنے پر مزید سکیورٹی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جبکہ شہداء کی میتیں مقامی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے سنجاوی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔