منی لانڈرنگ کیس، زرداری، بلاول نے نیب کو بیان ریکارڈ کرا دیا

منی لانڈرنگ کیس، زرداری، بلاول نے نیب کو بیان ریکارڈ کرا دیا
کیپشن: نیب نے منی لانڈرنگ اور پارک لین کمپنی سے متعلق تفتیش کے لیے دونوں کو آج طلب کیا تھا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو بیان ریکارڈ کرانے کے بعد نیب ہیڈ کوارٹر سے روانہ ہو گئے۔

نیب نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ اور پارک لین کمپنی سے متعلق تفتیش کے لیے دونوں کو آج طلب کیا تھا۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نیب ہیڈ کوارٹر کی عمارت میں داخل ہوئے تو انہیں الگ، الگ کر دیا گیا اور دونوں سے الگ، الگ ٹیموں نے سوالات کیے۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری سے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق جب کہ بلاول بھٹو سے میسرز پارک لین اسٹیٹس میں شیئر ہولڈر ہونے سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی۔

ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیموں میں مجموعی طور پر 16 افسران شامل ہیں اور 4 افسران کیسز کی نگرانی کر رہے ہیں جب کہ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی دونوں تفتیشی ٹیموں کے نگران ہیں۔

آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی پیشی کے موقع پر نیب ہیڈ کوارٹرز کے باہر پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جب کہ نیب ہیڈ کوارٹر کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔