نسٹ یونیورسٹی نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹ تیار کر لی، فواد چوہدری

نسٹ یونیورسٹی نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹ تیار کر لی، فواد چوہدری
کیپشن: کٹس کی درآمد کے لیے نیویارک کی ایک کمپنی نے بھی رابطہ کیا ہے، فواد چوہدری۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹ تیار کرلی۔

فواد چوہدری نے نیو یارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نسٹ یونیورسٹی نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹ تیار کر لی ہے جس کےبعد  آئندہ ہفتے سے پاکستان میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت 800 سے ایک ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔

انہوں نے بتایاکہ مقامی طورپر تیار کی گئی کٹس کی درآمد کے لیے نیویارک کی ایک کمپنی نے بھی رابطہ کیا ہے۔اس سے قبل پنجاب یونیورسٹی کے ماہرین بھی کوروناوائرس کی تشخیص کے لیے کِٹ تیارکرنے کا دعویٰ کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ چین نے گزشتہ دنوں کورونا وائرس کی 12 ہزار تشخیصی کِٹس پاکستان بھجوائی تھیں جب کہ سندھ حکومت بھی ایک نجی اسپتال کے تعاون سے کورونا وائرس کے 10 ہزار مریضوں کے ٹیسٹ کے لیے کِٹس حاصل کیں۔

اس کے علاوہ فواد چوہدری نے اپنی ایک ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ صرف سائنس عالمی وبا سے بچا سکتی ہے، پاکستانی سائنسدان دنیا کے اردگرد اور ملک میں کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔