کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں پاک فوج میدان عمل میں آگئی، ایکسپو سنٹر میں1100 بیڈز کا ہسپتال قائم

کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں پاک فوج میدان عمل میں آگئی، ایکسپو سنٹر میں1100 بیڈز کا ہسپتال قائم

کراچی:  نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ملک کے بڑے شاپنگ مالز اور ہوٹلزکو قرنطینہ سنٹر میں بدلنے کی سفارش کے بعد پاک فوج بھی میدان عمل میں آگئی اور کراچی ایکسپوسنٹر میں قرنطینہ سنٹرقائم کردیاگیا جس کا آرمی میڈیکل کور نے کنٹرول بھی سنبھال لیاہے ، ابتدائی طورپر 1100بیڈز پر مشتمل فیلڈہسپتال قائم کیاگیا،ا دھر لاہور کے ایکسپوسنٹر کو بھی قرنطینہ سنٹر میں بدلنے کافیصلہ کرلیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق کوروناسے بچاﺅ کے لیے ایکسپوسنٹرمیںقرنطینہ سنٹر کے قیام کے بعد سول و عسکری قیادت نے دورہ بھی کیا اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ حکام نے ہدایت کی کہ احتیاطی تدابیر کی پاسداری یقینی بنائیں، ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

یاد رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کےلیے صوبوں کے چیف سیکریٹریوں کو خط ارسال کیا ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو 16 مارچ کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کو مزید پھیلاؤ سے روکنے کے اقدامات کے پیش نظر ملک میں تھری اور فور اسٹار ہوٹلز کو خالی کرواکر قرنطینہ مراکز میں تبدیل کیا جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے ایک مشتبہ شخص کے لیے ایک کمرہ کی پالیسی اپنائی جائے۔خط میں ہدایت دی گئی ہے کہ این ڈی ایم اے کو قرنطینہ مراکز کی تفصیلات سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔

 اس سے قبل اطلاع تھی کہ کراچی ایکسپو سینٹر کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں اتفاق کرلیا گیا،اس سلسلے میں کمشنر کراچی نے وزیراعلی سندھ سے ہدایات کے بعد وفاق سے رابطہ کرکے تمام اقدامات سے آگاہ کرلیا ہے،ایکسپو سینٹرکو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کا باقاعد نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔

 ادھر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں اہم اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت اورپی ڈی ایم اے کے لیے تقریباً 8 ارب روپے کے فنڈزکا اعلان کیا گیا اور بلوچستان حکومت سے تعاون کے لیے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔