حکومت کورونا ویکسین کی قیمت کا تعین آج کرے گی

حکومت کورونا ویکسین کی قیمت کا تعین آج کرے گی
کیپشن: حکومت کورونا ویکسین کی قیمت کا تعین آج کرے گی
سورس: file

اسلام آباد: حکومت نے کورونا ویکسین کی قیمت کے تعین کا فیصلہ کرلیا۔ ڈریپ روسی کورونا ویکسین کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کرے گا۔

 ذرائع کے مطابق ڈریپ کے پرائسنگ وکاسٹنگ بورڈ کا اجلاس آج ہوگا جس میں کوروناویکسین کی قیمت کا تعین کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ڈریپ نجی شعبے کی درآمد کردہ روسی کورونا ویکسین کی زیادہ سےزیادہ قیمت مقررکرےگا اور کوروناویکسین کی قیمت سےمتعلق سفارشات کابینہ بھجوائے گا اور وفاقی کابینہ ڈریپ کی ارسال کردہ سفارشات کی حتمی منظوری دےگی۔ 

کراچی کی فارماکمپنی نےروسی ساختہ کوروناویکسین درآمدکی ہے ، فارماکمپنی نےسپٹنک فائیوکی 50 ہزارڈوزدرآمد کی ہیں۔ حکام کے مطابق روسی ویکسین ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی اجازت کے بعد ہی فروخت کی جائے گی کیونکہ ابھی تک ویکسین کی قیمت فروخت کا تعین نہیں کیا۔ 

ڈریپ ذرائع کا کہنا تھا کہ کراچی کی فارما کمپنی سپٹنک فائیو کورونا ویکسین درآمدکرے گی۔ فارماکمپنی کوسپٹنک فائیو کے ہنگامی استعمال کی اجازت 3ماہ کیلئے دی گئی۔ سپٹنک فائیو کے ہنگامی استعمال کااجازت نامہ یکم اپریل تک موثر رہے گا۔

دوسری طر ف ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، پہلے مرحلے میں ساٹھ سال یا اس سے زائد عمر کے شہریوں کی  ویکسی نیشن کی جارہی ہے۔

اس حوالے سے حکومت کی جانب سے آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں تمام شہری اپنے گھر کے بزرگوں کو ویکسین لگوانے کیلئے ان کا نام رجسٹرڈ کرواسکتے ہیں۔

رجسٹریشن کروانے کے لیے سب سے پہلے اپنے بزرگ کا تیرہ ہندسوں کا شناختی کارڈ نمبر ڈیش اور اسپیس کے بغیر ڈبل ون ڈبل سکس پرایس ایم ایس کریں۔

اس کے علاوہ شہری مزید معلومات، طریقہ جاننے اور رجسٹریشن کے لئے اس ویب سائٹ کا بھی وزٹ کریں۔

https://nims.nadra.gov.pk

ویکسی نیشن کیلئے شہری کو پن کوڈ کے ساتھ جوابی ایس ایم ایس موصول ہوگا، ویکیسن دستیاب ہوتے ہی مقام اور تاریخ سے آگاہ کر دیا جائے گا، جس کے بعد درخواست گزار کو اصل شناختی کارڈ اور پن کوڈ کے ہمراہ بتائے گئے ویکسین سینٹر جانا ہوگا۔

اصل شناختی کارڈ اور پن کوڈ کی تصدیق کے بعد بزرگ شہری کو ویکسین لگادی جائے گی اور شہری کو ویکسی نیشن کرانے کا تصدیقی ایم ایس ایس بھی موصول ہوگا، بزرگ شہری اس طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے خود بھی ویکسین لگواسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں “واک ان کورونا ویکسی نیشن” کی سہولت 16 مارچ سےدستیاب ہوگی، 70سال سے زائد عمر کے بزرگ شہری کسی بھی ہیلتھ سینٹر سے ویکسین لگوا سکیں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ “واک ان ویکسی نیشن” سہولت کا فیصلہ کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر کیا گیا ہے تاہم ساٹھ  تا70سالہ شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن معمول کے مطابق جاری رہے گی ۔