وزیراعظم کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے پر وزرا,ملازمین کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

وزیراعظم کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے پر وزرا,ملازمین کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
کیپشن: وزیراعظم کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے پر وزرا اور ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان میں کورونا کی تشخیص کے بعد وزیرا عظم ہاؤس کے تمام ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیراعظم سے ملاقاتیں کرنے والے وزراء اور افراد بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کرائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ملازمین کا کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، ملٹری سیکرٹری سمیت تمام ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید سمیت معاون خصوصی کورونا ٹیسٹ کرائیں گے جبکہ وزیرا عظم سے ملاقاتیں کرنے والے وزراء اور افراد بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کرائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی آئندہ ہفتے کی مصروفیات ان کی صحت کو دیکھ کر طے کی جائیں گی۔ وزیراعظم اجلاسوں کی صدارت اور دیگر میٹنگز ویڈیو لنک سے کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا وزیراعظم کا کورونا کا ٹیسٹ آج ہی کیا گیا ہے جو کہ مثبت آیا۔ ٹیسٹ کے بعد وزیراعظم اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ میں ہیں اور اللہ کا شکر ہے کہ ان کی علامات شدید نہیں ہیں اور بہت ہلکی سی کھانسی اور ہلکا سا بخار ہے ۔ 

انہوں نے بتایا وزیراعظم کے کورونا مثبت آنے کو کسی بھی صورت ویکسین سے نہیں جوڑنا چاہیے کیونکہ ویکسین لگنے کے بعد اینٹی باڈیز (قوت مدافعت) بننے میں 2 سے 3 ہفتے لگتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ وہ دو روز قبل ہی ویکسین کی پہلی ڈوز لے چکے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 42 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 799 ہو گئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 23 ہزار 135 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 876 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 95 ہزار 87، سندھ میں 2 لاکھ 62 ہزار 796، خیبر پختونخوا میں 78 ہزار 653، بلوچستان میں 19 ہزار 306، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 967، اسلام آباد میں 50 ہزار 843 جبکہ آزاد کشمیر میں 11 ہزار 483 کیسز رپورٹ ہوئے۔