علیم ڈار نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا 

Aleem Dar،Pakistan Cricket Umpire,PCB

لاہور:قومی امپائر علیم ڈار نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں 400 میچز میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔  علیم ڈار نے 136 ٹیسٹ، 211 ون ڈے، 53 ٹی 20 میچز میں امپائرنگ کر چکے ہیں ۔

 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے پاکستانی امپائر کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔دوسری جانب اس حوالے سے علیم ڈار نے کہا ہے کہ 400 میچزمکمل ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں،انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اور پی سی بی کا بہت مشکور ہوں، اپنا یہ ریکارڈ والدین اور فیملی کے نام کرتا ہوں۔

علیم ڈار کے بین الاقوامی کیرئیر میں یوں تو کئی اہم میچز ہیں جن میں ان کے درست فیصلوں کو یاد رکھا جاتا ہے لیکن 2009ء کی ایشیز سیریز کا کارڈف ٹیسٹ علیم ڈار کے لیے یادگار رہا تھا جس میں ان کے درست فیصلوں کو سب نے سراہا تھا۔ یہ وہی ٹیسٹ میچ ہے جس میں جیمز اینڈرسن اور مونٹی پنیسر نے گیارہ اعشاریہ تین اوورز کھیل کر انگلینڈ کو شکست سے بچالیا تھا۔ اس میچ کے آخری لمحات علیم ڈار کے لیے بھی کسی امتحان سے کم نہ تھے جس میں وہ سرخرو رہے تھے۔

علیم ڈار کے درست فیصلوں کی لمبی فہرست میں سچن تندولکر کو مونٹی پنیسر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو دیے جانے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ یہ مونٹی پنیسر کی اپنے پہلے ٹیسٹ میں پہلی وکٹ بھی تھی،علیم ڈار کی درست فیصلے دینے کی صلاحیت کا ایک ثبوت 2011 کا عالمی کپ بھی ہے جس میں ان کے 15 فیصلوں پر ریویو لیے گئے تھے اور ٹیکنالوجی نے تمام کے تمام 15 فیصلے درست ثابت کیے تھے۔ اس ورلڈ کپ میں وہ واحد امپائر تھے جن کا کوئی بھی فیصلہ ڈی آر ایس میں غلط ثابت نہ ہوا۔