کیا مکمل لاک ڈائون لگنے جا رہا ہے؟اسدعمر نے بڑی خبر دیدی 

Asad Umar,Global pandemic, deadly virus, Pakistan, NCOC, lockdown

اسلام آباد:وفاقی وزیراسدعمرنے کورونا کی تیسری لہر سے عوام کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی وبا کی تیسری لہر پہلی دو لہروں سے کہیں زیادہ خطرناک ہے ،کورونا کی موجودہ لہر لندن کے وائرس کا نیاورژن ہے،اس وائرس سے اگر خاندان کا ایک فرد متاثر ہو تو باقی بھی ہو جاتے ہیں،انہوں نے کہا سندھ کراچی میں بھی کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھنا شروع ہو چکے ہیں ،لیکن مکمل لاک ڈائون کوئی حل نہیں ہے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا مکمل لاک ڈائون عالمی وبا سے نمٹنے کا کوئی مستقل حل نہیں ہے ،پورے ملک کو بند نہیں کر سکتے ،انہوں نے کہا  اِن ڈور شادی کی تقریبات کا کوئی جواز نہیں، ایس او پیز پر عمل درآمد ضروری ہے، کورونا کی پہلی لہر میں ایس اوپیز پر بہتر عمل کیا گیاتھا جس کی وجہ سے ہی پاکستان میں کورونا وباسے زیادہ نقصان اُٹھانا نہیں پڑا ۔ 


 اسد عمر کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح ابھی کم ہے، کراچی میں کورونا وائرس کے  مثبت کیس بڑھنا شروع ہوگئے ہیں، کورونا وبا سے متعلق اس بار شاید سیاسی قیادت کی طرف سے بہتر پیغام نہیں جارہا۔انہوں نے کہا کہ ہوائی سفر کو مکمل طور پر بند کرنے کی ابھی ایسی کوئی سوچ نہیں،  برطانوی کورونا وائرس یورپ میں پھیلنا شروع ہوگیا ہے، بھارت ، بنگلہ دیش میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا الحمدللہ وزیراعظم عمران خان خیریت سے ہیں،وزیراعظم کو ویکسین لگنے سے پہلے انفیکشن ہوچکا تھا،عوام کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا 10 دن کے لگ بھگ قرنطینہ کا عرصہ ہوتا ہے،بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جنہیں دو سری دفعہ بھی کورونا ہوا ہے ،انہوں نے کہا پاکستان میں کورونامریضوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر مختلف فیصلے کر رہے ہیں،پاکستان میں معمر افراد کی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے،عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کریں تاکہ اس وبا کو بڑھنے سے روکا جا سکے ۔