لیبیا کے فضائی اڈے پر حکومتی ملیشیا کا حملہ، 141ہلاک

لیبیا کے فضائی اڈے پر حکومتی ملیشیا کا حملہ، 141ہلاک

طرابلس :لیبیا کے فضائی اڈے پر حکومتی ملیشیا نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 141افراد ہلاک ہو گئے ،جن میں شہری بھی شامل ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حکومتی حمایت یافتہ ملیشیا نے گزشتہ روز کو براک الشاتی فضائی اڈے پر دوبارہ قبضے کرنے کے لیے حملہ کیا۔اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ وزیر دفاع اور ملیشیا کے کمانڈر کو اس حملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کر دیا گیا ہے۔

لیبیا کے وزیر اعظم کے دفتر نے حملے کی منظوری دینے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ملیشیا کے ترجمان نے کہا تھا کہ فضائی اڈے کو آزاد کروا لیا گیا ہے اور اڈے میں موجود تمام فورسز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

اس قصبے کے میئر کا کہنا ہے کہ چند جنگی جہازوں کو بھی آگ لگائی گئی۔یہ فضائی اڈا اپنے آپ کو لیبیئن نیشنل آرمی کہلانے والی ملیشیا کے کنٹرول میں تھا۔ یہ ملیشیا اس اتحد کا حصہ ہے جو طرابلس میں موجود حکومت کو نہیں مانتا۔

اس ملیشیا نے اس فضائی اڈے پر دسمبر میں کنٹرول حاصل کیا تھا۔لیبیئن نیشنل آرمی کے ترجمان نے ہلاکتوں کی تعداد 141بتائی ہے۔ترجمان نے کہا کہ فوجی ملٹری پریڈ سے واپس آ رہے تھے اور غیر مسلح تھے۔اقوام متحدہ کے لیبیا میں نمائندے مارٹن کوبلر کا کہنا ہے کہ غیر مسلح فوجیوں کو ہلاک کرنے پر وہ سخت رنجیدہ ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں