یورا گوئے: کسان نے ٹرک کو 48 سال استعمال کرنے کے بعد دفنا دیا

یورا گوئے: کسان نے ٹرک کو 48 سال استعمال کرنے کے بعد دفنا دیا

مونٹیویڈیو: دنیا بھر میں عجیب و غریب واقعات ہر روز دیکھنے کو ملتے ہیں لیکن یورا گوئے میں ایک ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا جو آج تک کسی نے نہیں سنا ہو گا۔ یورا گوئے کے 83 سالہ کسان Alcides Ravel نے 48 سال سے زیر استعمال اپنے ٹرک سے جان چھڑوانے کا انوکھا طریقہ نکالا۔

کسان نے اس ٹرک کو فروخت کرنے کی بجائے اپنے ہی کھیتوں میں گڑھا کھود کر اسے دفنا دیا۔ 83 سالہ اس کسان کو یہ اقدام اس وقت اٹھانا پڑا جب اس کے علاقے کی تمام ورکشاپس کے مکینک نے اسے جواب دے دیا کہ اس کا ٹرک اب ٹھیک نہیں ہو سکتا کیونکہ یہ ماڈل بہت پرانا ہے اور اس کے پرزہ جات بھی مارکیٹ میں موجود نہیں۔

انہوں نے کسان کو مشورہ دیا کہ وہ اس ٹرک کو سکریپ کے بھاؤ میں فروخت کر دے۔ Alcides Ravel نے اپنے اس ساتھی ٹرک کو دفنانے کے لئے باقاعدہ تقریب کا اہتمام کیا اور دو دن اس ٹرک کی قبر کو کھودنے میں لگے اور اس تقریب میں کسان کی فیملی کے افراد اور دوستوں نے بھی شرکت کی۔

ٹرک کے دفنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جبکہ ہزاروں لوگوں نے اس ویڈیو کو پسند کیا اور اس پر دلچسپ تبصرے بھی کئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں