وزیراعظم نے 20ہزار انجینئرز کیلئے انٹرن شپ کی منظوری دی ہے ، احسن اقبال

وزیراعظم نے 20ہزار انجینئرز کیلئے انٹرن شپ کی منظوری دی ہے ، احسن اقبال

لاہور: وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی کامیابی کے لیے خود اعتمادی اور مثبت سوچ بہت ضروری ہے، وزیراعظم نے 20ہزار انجینئرز کے لیے انٹرن شپ کی منظوری دی ہے ،اگلے سال ایک لاکھ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت دینے کی منصوبہ بندی ہے. 

وہ ہفتہ کویہاں انجینئرز ڈے کے موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے انجینئرز میں نیشنل ایکسیلینسی ایوارڈ ز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام ینگ انجینئرز کونسل نے کیا تھا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان کو ایک صنعتی معیشت بنانا چاہتا ہے ، سقراط اور بقراط روتے رہیں گے پاکستان ترقی کر تا رہے گا، پاک چین اتحاد پاکستان کے دشمنوں کو کھٹکتا رہا ہے۔پاکستانی قوم اور چینی قوم کے درمیان کوئی بھی دراڑ نہیں ڈال سکتا.

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کی عملی تصویر ہے، پاکستان میں کوئی 100ڈالر سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار نہیں تھالیکن اب دنیا کے سرمایہ کار پاکستان میں اربوں ڈالر  کی سرمایہ کاری کے لیے بے تاب ہیں، ون بیلٹ ون روڈ کانفرنس میں 65ممالک کی شرکت اس منصوبے کی کامیابی کی زندہ مثال ہے ، منصوبے میں شرکت کے لیے سو ممالک خواہش کا اظہار کر رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں