وزیراعظم نوازشریف کی ڈونلڈ ٹرمپ سمیت عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتوں کا امکان نہیں، دفتر خارجہ

وزیراعظم نوازشریف کی ڈونلڈ ٹرمپ سمیت عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتوں کا امکان نہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے وزیراعظم نوازشریف کے دورہ سعودی عرب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتوں کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لئے جارہے ہیں ان کی مصروفیات کے باعث ایسی کسی قسم کی ملاقاتوں کا شیڈول طے نہیں ہے۔

ہفتہ کے روز جاری وضاحتی بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بعض میڈ یا رپورٹس میں آیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب میں ملاقات کریں گے تاہم وزیراعظم نواز شریف کی ریاض میں اسلامی سربراہی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت مختلف عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں نہیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ طویل سمٹ کا ایجنڈ ہ مکمل ہے جس میں اسلامی دنیا کے 35سربراہان شرکت کر رہے ہیں جس کے باعث سائیڈ لائن پر دو طرفہ ملاقات نہیں ہو گی ۔امریکہ عرب اور اسلامک سمٹ میں او آئی سی ،عرب لیگ اور جی سی سی کے سیکریٹری جنرل بھی شرکت کریں گے ۔اجلاس کے سخت شیڈول کے باعث وزیراعظم کی مصروفیات اتنی زیادہ ہوں گی کہ ان کی کسی عالمی رہنما کیساتھ دوطرفہ ممکن نہیں ہوسکے گی۔

واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ ،عرب اور اسلامی سمٹ میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور اہلیہ میلانیا اور ان کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ بھی ان کے ہمراہ ہیں جبکہ وزیراعظم میاں نواز شریف اتوار کوسعودی عرب روانہ ہونگے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم نوازشریف سعودی قیادت سے ملاقاتیں اور مدینہ منورہ بھی روضہ رسول پر حاضری دیں گے۔

مصنف کے بارے میں