کرکٹ شائقین کیلئے خوشخبری، پی ایس ایل 6 کے بقیہ تمام میچ ابوظہبی میں ہونگے

کرکٹ شائقین کیلئے خوشخبری، پی ایس ایل 6 کے بقیہ تمام میچ ابوظہبی میں ہونگے

لاہور: کرکٹ شائقین کیلئے بڑی خبر ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 6) کے بقیہ تمام میچوں کا انعقاد متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں کرانے کی حتمی منظوری دیدی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پی ایس ایل کے میچوں کی اجازت دیدی ہے۔

اب پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کے مالکان کے درمیان ایک آن لائن اجلاس ہوگا جس میں انتظامات کوو حتمی شکل دینے کے حوالے سے گفت وشنید کی جائے گی۔

اس سلسلے میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل 6 کے باقی میچوں کے انعقاد کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کر لیا گیا ہے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہم پی ایس ایل کو ابوظہبی میں منعقد کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار اور پرجوش ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کے ابتدائی 14 میچ ملک میں کھیلے جا چکے ہیں، یہ ٹوٹل 34 میچ ہونا تھے لیکن ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسوں کی وجہ سے کھیلوں کے مقابلے کو مجبوراً ملتوی کرنا پڑا تھا۔ اب چونکہ تمام معاملات کو حل کر لیا گیا ہے، اس لئے پی ایس ایل کے باقی رہ جانے والے 20 میچوں کا انعقاد اب ابوظہبی میں ہوگا۔

یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ گزشتہ روز یہ خبریں بھی میڈیا میں زیر گردش تھیں کہ پی ایس ایل 6 کا ابوظہبی میں انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ابوظہبی حکومت کی جانب سے پی ایس ایل 6 کیلئے انتہائی سخت شرائط عائد کی گئی ہیں، اس لئے اس کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔