کل پاکستان بھر میں یوم فلسطین منایا جائے گا، علامہ طاہر اشرفی

کل پاکستان بھر میں یوم فلسطین منایا جائے گا، علامہ طاہر اشرفی
سورس: file photo

اسلام آباد، وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہراشرفی کا کہنا ہے کہ کل پورے پاکستان میں یوم یکجہتی فلسطین منایا جائے گا، حکومت پاکستان اورعوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہراشرفی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، کل ملک میں یوم فلسطین منایاجائےگا، ریلیوں میں عوام کورونا ایس او پیزپرعمل یقینی بنائیں۔

علامہ طاہراشرفی  کا کہنا تھا کہ فلسطین میں جنگ بندی کےلیے سفارتی کوششیں کی جارہی ہیں، شاہ محمودقریشی نیویارک میں لوگوں سےبات کر رہے ہیں ، گورنرپنجاب بھی اپنےطورپرکام کررہےہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ روضہ رسول ﷺجاتے ہوئے وزیراعظم نے 4 بار ایک بات کی، وزیراعظم نے 4 بار کہا کشمیر اور فلسطین کے لیے کچھ کرنا چاہیے ، حکومت  پاکستان اورعوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کل پورے پاکستان میں یوم یکجہتی فلسطین منایا جائے گا، اس دوران فلسطین سےاظہار یکجہتی اور خصوصی دعائیں کریں گے، احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے احتجاجی ریلیوں میں شرکت کریں۔

علامہ طاہراشرفی  نے کہا کہ فلسطینی شہدا میں سے 35 فیصد عورتیں اور بچے ہیں، فلسطینی قیادت اور سفارت خانے سے رابطے میں ہیں، جو ممکن ہوا پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے لیے کرے گا، جو کرداد ادا کیا جا سکتا ہے وہ کردار ادا کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلا مرحلہ سیز فائر دوسرا آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے، القدس کل بھی ہمارا تھا آج بھی ہمارا ہے۔