جہانگیر ترین گروپ سے کوئی لینا دینا نہیں، شہباز شریف

جہانگیر ترین گروپ سے کوئی لینا دینا نہیں، شہباز شریف
کیپشن: جہانگیر ترین گروپ سے کوئی لینا دینا نہیں، شہباز شریف
سورس: فائل فوٹو

چارسدہ: شہباز شریف نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ سے کوئی لینا دینا نہیں اور یہ تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے۔ مسلسل جیلیں کاٹ رہے ہیں تو یہ کیا ڈیل ہے اور عمران خان کے حکم پر جیل میں ناروا سلوک کیا گیا۔

 اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا گیا اور مہنگائی سے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی جبکہ حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ کیا، ویکسین اور مہنگائی کا نام لیں تو چور ڈاکو کہا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رنگ روڈ سکینڈل کے کردار سامنے آ چکے جبکہ عمران خان نے خود رنگ روڈ منصوبے میں توسیع کی اجازت دی اور پہلے توسیع کی منظوری دی اور بعد میں شور مچایا جبکہ مسلم لیگ (ن) نے رنگ روڈ سکینڈل پر واضح مؤقف اپنایا۔

لیگی قائد نے ولی باغ میں بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر تعزیت کی اور کہا کہ بیگم نسیم ولی خان نے پاکستان بھر میں سیاسی جدوجہد کی، بیگم نسیم ولی خان بہادر خاتون تھیں، اے این پی کی دہشتگردی کیخلاف قربانیاں لازوال ہیں، خیبرپختونخوا کے ہر فرد نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور ناراض پارٹی رہنما جہانگیر ترین گروپ کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے اور دونوں کے درمیان معاملات طے پا گئے۔ 

ذرائع کے مطابق سینئر وفاقی وزرا نے جہانگیرترین سے رابطہ کیا ہے۔ اس حوالے سے حکومت اور جہانگیرترین گروپ کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔ جہانگیرترین گروپ نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ جہانگیر ترین گروپ کے ہم خیال ارکان بجٹ میں حکومت کو ووٹ دیں گے۔ جہانگیر ترین نے پنجاب حکومت سے متعلق تحفظات وفاقی وزرا کے سامنے رکھے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کے پنجاب حکومت سے متعلق اعتراضات دور کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے گروپ کے ارکان کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ حکومت اور جہانگیر ترین گروپ کے درمیان ہفتے کو دوبارہ ملاقات ہوگی۔