چودھری نثار علی خان نے حلف اٹھانے کا فیصلہ کر لیا

چودھری نثار علی خان نے حلف اٹھانے کا فیصلہ کر لیا
کیپشن: چودھری نثار علی خان نے حلف اٹھانے کا فیصلہ کر لیا
سورس: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما چودھری نثار علی خان نے پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، وہ 24 مئی کو حلف اٹھائیں گے۔

اس سے قبل میڈیا میں یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ چودھری نثار نے پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھانے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کی جانب سے منسوب بیان میں کہا گیا تھا کہ آئین اور قانون میں کہیں نہیں لکھا کہ جو حلف نہیں اٹھائے گا، وہ رکن پنجاب اسمبلی ہی نہیں رہے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سینئر سیاستدان چودھری نثار نے پنجاب اسمبلی میں حلف اٹھانے کی خبروں کی تردید کر دی تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میری اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھانے کا کوئی ارادہ نہیں، اس حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ حلقے کی خدمت کیلئے حلف اٹھانا ضروری نہیں حلقے میں رہ کر بھی عوام کی خدمت کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ چودھری نثار علی خان 2018ء کے الیکشن میں پی پی 10 راولپنڈی سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے حلف اٹھانے کا فیصلہ اپنے حلقے کے ساتھیوں کی مشاورت سے کیا۔ اس فیصلے کا مقصد اپنے حلقہ کے عوام کی نمائندگی کے سوائے کچھ اور نہیں ہے۔