وزیراعلیٰ پنجاب کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے بڑا حکم، خوشخبری آ گئی

وزیراعلیٰ پنجاب کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے بڑا حکم، خوشخبری آ گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دیدی ہے جنہیں 25فیصد سپیشل الاؤنس بھی دیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت تنخواہوں میں عدم مساوات ختم کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراءراجہ بشارت، میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، حسین جہانیاں گردیزی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری فنانس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی آر اے کمیٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں عدم مساوات کے خاتمے کیلئے سفارشات اور تجاویز پیش کیں اور سرکاری ملازمین کو 10 اور 15 فیصد سپیشل الاؤنس دینے کی تجویز بھی دی گئی جسے وزیراعلیٰ نے مسترد کرتے ہوئے 25فیصد سپیشل الاؤنس دینے کی ہدایت کی۔ 
ذرائع کے مطابق پنجاب میں گریڈ 1 سے 19 تک کے 7لاکھ 21ہزار سے زائدصوبائی ملازمین کو سپیشل الاؤنس دیا جائے گا تاہم ان میں پہلے سے سپیشل یا ایگزیکٹو الاؤنس لینے والے ملازمین شامل نہیں ہوں گے اور یہ سپیشل الاؤنس سرکاری ملازمین کی جون کی تنخواہوں میں شامل کردیا جائے گا۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں عدم مساوات سے ملازمین کا احساس محرومی بڑھ رہا ہے، مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ ملازمین کی ضرورت ہے اور ہمیں ان کی ضروریات اور مسائل کا احساس ہے، چھوٹے سرکاری ملازمین کے معاشی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔