پی ایس ایل 6 میں شرکت کیلئے پاکستان سے کھلاڑیوں کی 25 مئی کو ابوظہبی روانگی کا امکان

پی ایس ایل 6 میں شرکت کیلئے پاکستان سے کھلاڑیوں کی 25 مئی کو ابوظہبی روانگی کا امکان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کیلئے پاکستان سے کھلاڑیوں کی 25 مئی کو ابوظہبی روانگی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشین پلیئرز کو پہلے پاکستان بلاکر ایک ساتھ ابوظہبی روانہ کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے کیونکہ وہاں پہنچنے پر 7 دن کا قرنطینہ بھی کرنا ہو گا جبکہ جنوبی افریقی اور بھارتی افراد کو 10 روز کا قرنطینہ کرنا ہو گا اس لئے ٹورنامنٹ سے قبل تین دن پریکٹس کے ہی مل سکیں گے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز ابوظہبی میں کروانے کی مکمل منظوری مل گئی ہے اور ایونٹ کا انعقاد 4 جون سے متوقع ہے جس میں بیشتر انٹرنیشنل کھلاڑی اور کوچز دستیاب نہیں ہوں گے اور اس حوالے سے پی سی بی اور فرنچائز مالکان کے درمیان میٹنگ ہونا باقی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان کا کہنا ہے کہ ابوظہبی میں ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں جس پر ہم بہت خوش اور ایونٹ کے انعقاد کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت، ان کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، کرکٹ بورڈ اور ابوظہبی سپورٹس کونسل کے مشکور ہیں جنہوں نے ایونٹ کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی ایونٹ کے انعقاد سے متعلق معاملات کو تیزی سے حتمی شکل دینے کیلئے تمام فرنچائز مالکان سے مشاورت کرے گا جس کی مکمل تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی۔