فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے عالمی فورس کو تعینات کی جائے، پاکستان کا مطالبہ

فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے عالمی فورس کو تعینات کی جائے، پاکستان کا مطالبہ
کیپشن: فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے عالمی فورس کو تعینات کی جائے، پاکستان کا مطالبہ
سورس: فائل فوٹو

نیو یارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے غزہ کی صورتحال دنیا پر آشکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ جنرل اسمبلی فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے بین الاقوامی فورس تعینات کرے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج اقوام عالم ایک اہم نکتے پر کھڑی ہیں اور اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کر دی جبکہ اسرائیلی ظلم کی وجہ سے درجنوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے اور 50 ہزار فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو فوری طور پر غزہ کے لیے امدادی سامان کو یقینی بنانا چاہیے اور مصر کو سرحد کھولنی چاہیے جبکہ پاکستان غزہ کے بحران پر عالمی کانفرنس بلانے کے صدر محمود عباس کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے کیونکہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی بربریت پر واضح اور ٹھوس موقف اختیار کرے اور اسرائیلی جارحیت کا فوری خاتمہ عالمی برادری کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ غرور اور تکبر سے بھرے اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور اسرائیل کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا جائے اور مقبوضہ علاقوں کو خالی کرایا جائے،غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل بھی  یقینی بنائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ غیر قانونی قابض اسرائیل اور نہتے فلسطینیوں کے درمیان ہے، ایک طرف جدید ترین قابض فوج ہے،دوسری طرف نہتے فلسطینی ہیں، آج ہم انسانی ہمدردی کے ناطے کچھ کرتے ہیں یا نہیں کرتے یہ  تاریخ کا حصہ ہوگا، وقت آگیا ہے اب اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں،پاکستان مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔