ترین گروپ ن لیگ سے رابطہ کرے گا تو ضرور جواب دیں گے، رانا ثناء اللہ

ترین گروپ ن لیگ سے رابطہ کرے گا تو ضرور جواب دیں گے، رانا ثناء اللہ
کیپشن: ترین گروپ ن لیگ سے رابطہ کرے گا تو ضرور جواب دیں گے، رانا ثناء اللہ
سورس: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ ن لیگ سے رابطہ کرے گا تو ضرور جواب دیں گے۔

 رانا ثناءاللہ کا دعویٰ ہے کہ جہانگیرترین تحریک انصاف کے لیے خطرے کا باعث ہو سکتے ہیں، جہانگیر ترین گروپ ابھی نہیں بنا، بہت پہلے سے موجود ہے، گروپ کا اعلان ابھی ہوا،یہ گروپ پی ٹی آئی کا پریشرگروپ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نہیں چاہتی کہ عثمان بزدار کو ہٹا کر خود پاور میں آ جائیں اور مسلم لیگ ن پنجاب کی اکثریتی جماعت ہے لیکن اس کو تسلیم نہیں کیا گیا اور اگر جہانگیر ترین گروپ ہم سے رابطہ کرے گا تو ہم اس پر ضرور جواب دیں گے۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو وقت دینے یا ان کی مدت پوری کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ حکومت اور ناراض پارٹی رہنما جہانگیر ترین گروپ کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے اور دونوں کے درمیان معاملات طے پا گئے۔ 

ذرائع کے مطابق سینئر وفاقی وزرا نے جہانگیرترین سے رابطہ کیا ہے۔ اس حوالے سے حکومت اور جہانگیرترین گروپ کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔ جہانگیرترین گروپ نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ جہانگیر ترین گروپ کے ہم خیال ارکان بجٹ میں حکومت کو ووٹ دیں گے۔ جہانگیر ترین نے پنجاب حکومت سے متعلق تحفظات وفاقی وزرا کے سامنے رکھے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کے پنجاب حکومت سے متعلق اعتراضات دور کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے گروپ کے ارکان کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ حکومت اور جہانگیر ترین گروپ کے درمیان ہفتے کو دوبارہ ملاقات ہوگی۔