کورونا وباءسے نمٹنے کیلئے دئیے گئے 12 کھرب روپے کے مالیاتی پیکیج میں بے ضابطگیوں کا انکشاف

کورونا وباءسے نمٹنے کیلئے دئیے گئے 12 کھرب روپے کے مالیاتی پیکیج میں بے ضابطگیوں کا انکشاف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 12 کھرب روپے کے مالیاتی پیکیج میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے اور آڈیٹر جنرل پاکستان جاوید جہانگیر نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔ 
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وباءکے دوران 12 کھرب روپے سے زائد کے مالیاتی پیکیج میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے اور آڈیٹر جنرل نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کورونا وبا کے دوران انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو 1 ارب 38 کروڑ ڈالر رقم فراہم کی تھی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم کورونا وباءکی روک تھام کیلئے بطور امداد فراہم کی گئی تھی اور حکومت نے آئی ایم ایف شرائط پر کویڈ اخراجات کے آڈٹ کا فیصلہ کیا تھا۔ آڈیٹر جنرل نے بتایا کہ آڈٹ رپورٹ مکمل ہو چکی ہے تاہم وزارت خزانہ اس معاملے پر مشاورت چاہتی ہے اس لئے رپورٹ شائع نہیں کی گئی۔ 
آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ نے آڈیٹر جنرل کی خصوصی آڈٹ رپورٹ پر بات چیت کیلئے وقت مانگا ہے اور ان کی جانب سے تصدیق کے بعد ہی یہ خصوصی رپورٹ شائع کی جائے گی۔