عثمان بزدار کو وزیراعظم کی سپورٹ، ایم پی ایز اور ایم این ایز کے حقیقی تحفظات دور کئے جائیں گے: وزیر اطلاعات

عثمان بزدار کو وزیراعظم کی سپورٹ، ایم پی ایز اور ایم این ایز کے حقیقی تحفظات دور کئے جائیں گے: وزیر اطلاعات
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایم پی ایز اور ایم این ایز کے حقیقی تحفظات دور کئے جائیں گے، ایم پی ایز کے تحفظات سے متعلق میکنزم بنایا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مشکل حالات سے نمٹنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ووٹ بینک پورے پاکستان میں ہے اور اس وقت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے برابر کی کوئی جماعت نہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) پوری طاقت لگانے کے باوجود بھی پی ٹی آئی کو واضح فرق سے نہیں ہرا سکی۔ 
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کچھ لوگوں نے صورتحال کے مطابق فوری طور درست ردعمل کا اظہار نہیں کیا لیکن مجھے امید ہے کہ معاملات حل ہو جائیں گے اور مستقبل میں ہماری سیاست اپوزیشن سے بہت بالاتر ہو گی، بہت سارے لوگوں سے میرے قریبی تعلقات ہیں، پارلیمانی جمہوریت میں چیزوں کو لے کر چلنا پڑتا ہے۔ 
وفاقی وزیر اطلاعات نے پنجاب کی سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو عمران خان کی سپورٹ حاصل ہے اور پنجاب کی سیاست میں صرف پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ ہے جس کے باعث آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ بہت اہم ہو گا۔ 
فواد چوہدری کا حالیہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی طرح الیکشن نہیں لڑتی، سوائے ڈسکہ کے کہیں بھی الیکشن سے متعلق الزامات نہیں تھے اور ڈسکہ واحد انتخابی حلقہ ہے جہاں انتخابات میں ری پولنگ ہوئی۔ 
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے کے نتائج دیکھ لیں دو جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی میں مقابلہ ہے، انتخابات کے قریب تحریک انصاف کا پلڑا دیگر جماعتوں سے بہت بھاری ہو گا،ایک بات واضح کر دوں کہ ماضی کی حکومتیں جس طرح ضمنی انتخابات میں حصہ لیا کرتی تھیں، پی ٹی آئی ویسے انتخاب نہیں لڑتی، مسلم لیگ (ن) تمام طاقت لگانے کے باوجود ضمنی الیکشن بڑے فرق سے جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔