چیئرمین نیب نے تقرریوں اور تبادلوں پر فوری پابندی عائد کر دی

چیئرمین نیب نے تقرریوں اور تبادلوں پر فوری پابندی عائد کر دی

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب میں تقرریوں اور تبادلوں پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے حال ہی میں کی گئیں تمام پوسٹنگز اور ٹرانسفرز پر عملدرآمد فوری طور پر روکنے اور ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ پر من و عن عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو چیف جسٹس عمر عطا بند یال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5رکنی لارجر بینچ نے حکومتی شخصیات کی جانب سے تحقیقات میں مداخلت پر ازخودنوٹس کی سماعت کی تھی اور نیب کو تمام ہائی پروفائل مقدمات میں تبادلے اور تقرریاں روکنے کا حکم دیا تھا۔ 
عدالت کا اپنے حکم میں کہنا تھا کہ ہائی پروفائل مقدمات میں پراسیکیوشن تحقیقات برانچ کے اندر تاحکم ثانی ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کی جائے گی جبکہ سپریم کورٹ نے نیب اور ایف آئی اے کو بھی تاحکم ثانی کوئی بھی مقدمہ عدالتوں سے واپس لینے سے روک دیا تھا اور گزشتہ 6 ہفتوں میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالے گئے ناموں کی فہرست بھی طلب کی تھی۔ 

مصنف کے بارے میں