پے در پے شکستیں،آسٹریلیا نے ٹیسٹ سکواڈ میں 6 تبدیلیاں کردیں

پے در پے شکستیں،آسٹریلیا نے ٹیسٹ سکواڈ میں 6 تبدیلیاں کردیں

سڈنی: آسٹریلین ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے اپنے اسکواڈ میں حیران کن طور پر چھ تبدیلیاں کر دی ہیں۔

بارہ رکنی اسکواڈ میں سلیکٹرز نے انگلینڈ میں پیدا ہونے والے 20 سالہ اوپنر رین شا کے ساتھ ساتھ پیٹر ہینڈ کومب اور نک میڈنسن کو بھی شامل کیا ہے۔  اس کے ساتھ ساتھ فاسٹ باؤلر چیڈ سیئرز اور جیکسن برڈ کے ساتھ ساتھ میتھیو ویڈ کو بھی 12 رکنی اسکواڈ میں شامل کر کے وکٹ کیپر بلے باز پیٹرل نیول کو فارغ  کردیا ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 80 رنز کی شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم سے پیٹر نیول کے ساتھ ساتھ مسلسل ناکامی سے دوچار جو برنز، ایڈم ووجز، کلم فرگیوسن اور جو مینی کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کی مایوس کن کارکردگی اور مسلسل پانچویں ٹیسٹ میچ میں شکست پر چیف سلیکٹر روڈنی مارش نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

قائم مقام سلیکٹر ٹریور ہونز نے بتایا کہ ایڈم ووجز، مچل مارش اور اسٹیو اوکیف کو انجری کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

جمعرات سے ایڈیلیڈ میں شروع ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کیلئے آسٹریلین اسکواڈ کپتان اسٹیو اسمتھ ، جیکسن برڈ، پیٹر ہینڈ کومب، جوش ہیزل وُڈ، عثمان خواجہ، نیتھن لایون، نک میڈنسن، میٹ رین شا، چیڈ سیئرز، مچل اسٹارک، میتھیو ویڈ اور ڈیوڈ وارنر پر مشتمل ہوگا۔