کچھ ایسی غذائیں جو خاص طور پر خواتین کو فائدہ پہنچاتی ہیں

اچھی صحت کے لیے ورزش اور متوازن غذا کو لازمی قرار دیا جاتا ہے لیکن کچھ غذائیں ایسی ہیں جو خاص طور پر خواتین کو زیادہ فائدہ پہنچاتی ہیں انہیں بیماریوں سے بچاتی ہیں اور اچھی صحت کے حصول میں مدد دیتی ہیں۔

کچھ ایسی غذائیں جو خاص طور پر خواتین کو فائدہ پہنچاتی ہیں

کراچی: اچھی صحت کے لیے ورزش اور متوازن غذا کو لازمی قرار دیا جاتا ہے لیکن کچھ غذائیں ایسی ہیں جو خاص طور پر خواتین کو زیادہ فائدہ پہنچاتی ہیں انہیں بیماریوں سے بچاتی ہیں اور اچھی صحت کے حصول میں مدد دیتی ہیں۔

پالک:شاید اس کا ذائقہ آپ کو پسند نہ ہو لیکن اس میں وہ بہترین معدنیات اور وٹامن شامل ہوتے ہیں جنہیں غذا میں شامل نہ کرنا آپ کی بھاری غلطی ہوگی۔ پالک میں میگنیشیم وافر مقدار میں ہوتا ہے جو نہ صرف ہڈیوں کے لیے ضروری ہے بلکہ خون میں شکر بھی کنٹرول کرتا ہے اور دمے کے دورے کا خطرہ بھی کم کردیتا ہے۔

السی کے بیج: السی کے بیجوں میں ’’اومیگا 3‘‘ فیٹی ایسڈز کی اچھی مقدار ہوتی ہے جو ہماری دماغی اور جسمانی صحت میں خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ روزانہ صرف مٹھی بھر السی کے بیجوں کا استعمال آپ کو بیک وقت کئی بیماریوں کے خلاف مضبوط بنائے گا اور ساتھ ہی ساتھ دماغ کو بھی چست رکھے گا۔

کروندے (کرین بیریز):خواتین میں مقبولیت رکھنے والے کروندے انہیں دل کی بیماریوں اور دانتوں کی خرابیوں سے بھی بچاتے ہیں جب کہ کروندوں میں موجود خاص مرکبات خواتین کو عمر رسیدگی اور مختلف اقسام کی جلن سے بھی محفوظ رکھتے ہیں۔ غرض کروندوں کا استعمال خواتین کی صحت کےلئے بے حد فائدہ مند ہے۔

ٹماٹر: ہر باورچی خانے کا جزوِ لازم یعنی ٹماٹر عام طور پر نظر انداز کردیا جاتا ہے لیکن اس کے فائدوں کی فہرست بھی کچھ کم نہیں۔ اس میں لائکوپین نامی ایک مادّہ پایا جاتا ہے جو خواتین کو چھاتی کے سرطان اور دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ روزانہ ایک ٹماٹر کھانے سے کولیسٹرول کم ہوتا ہے اور ہڈیاں بھی مضبوط ہوتی ہیں۔