بٹ کوائن کی قیمت 8 لاکھ 63 ہزار روپے ہوگئی

بٹ کوائن کی قیمت 8 لاکھ 63 ہزار روپے ہوگئی

لاہور: ڈیجیٹل کرنسی میں اپنا منفر مقام رکھنے والے بٹ کوائن کی قیمت نے نیا ریکارڈ قائم کر لیا۔ یہ کرنسی اب 8 ہزار ڈالرز کی حد بھی عبور کرگئی ہے جبکہ اس نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی پہلی بار 7 ہزار ڈالرز کی حد کو چھوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اس کرنسی کے ایک سکے کی قیمت اس وقت 8200 ڈالرز (8 لاکھ 63 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تک پہنچ چکی ہے۔یعنی آپ ایک بٹ کوائن سے 18 تولے سے زیادہ سونا خرید سکتے ہیں۔اور یہ اضافہ واقعی حیران کن ہے جبکہ تمام بٹ کوائنز کی مجموعی مالیت اس وقت 137 ارب ڈالرز کے قریب ہے۔اس کی قیمت میں اس وقت اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا جب اسے دو حصوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ ترک کردیا گیا جبکہ پہلی بار یہ آثار نظر آئے کہ بڑے ادارے بھی اب اس میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔
رواں سال کے دوران بٹ کوائن کی قدر ڈالر کے مقابلے میں سیکڑوں فیصد بڑھ چکی ہے جس کی وجہ اہم کمپنیوں کی جانب سے اسے اپنانا ہے اور اس کے حوالے سے لوگوں میں زیادہ شعور پیدا ہونا ہے۔خیال رہے کہ 2017 کے آغاز میں ایک بٹ کوائن کو صرف 966 ڈالرز میں خریدا جاسکتا تھا۔