اسمتھ، وارنر اور بین کرافٹ پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسمتھ، وارنر اور بین کرافٹ پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ
کھلاڑیوں کی سزاؤں کو تبدیل کرنا کسی طور مناسب نہیں، کرکٹ آسٹریلیا۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ پر پابندی کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔


آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں پر پابندیوں میں کمی کا جائزہ لینے کی درخواست کی تھی جسے کرکٹ آسٹریلیا نے ٹھکرا دیا۔کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی سزاؤں کو تبدیل کرنا کسی طور مناسب نہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے قائم مقام چیئرمین ایرل اینڈنگ کا کہنا ہے کہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بھیجی گئی درخواست کا بغور جائزہ لیا گیا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ تینوں کھلاڑیوں کی سزاؤں میں کمی نہیں کی جا سکتی۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکروفٹ فیلڈ کے دوران بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے جس کے بعد انہوں نے کپتان اسٹیون اسمتھ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اعتراف جرم کیا اور اسمتھ نے بھی اعتراف کیا کہ انہیں بال ٹیمپرنگ سے متعلق علم تھا اور یہ دانستہ طور پر کیا گیا۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک سال جب کہ کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی۔ وارنر اور اسمتھ پر 3 سال کے لیے آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی پر بھی پابندی کی گئی تھی۔