اقوام متحدہ کمیٹی میں حق خود ارادیت کی پاکستانی قرارداد منظور

اقوام متحدہ کمیٹی میں حق خود ارادیت کی پاکستانی قرارداد منظور
قرارداد سے جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کی گئی ہے، ملیحہ لودھی۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نیو یارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی نے پاکستان کی قرارداد کی متفقہ منظوری دے دی۔حق خود ارادیت کی حمایت میں قرارداد کو ریکارڈ 83 ممالک نے اسپانسر کیا اور اگلے ماہ توثیق کیلئے 193 رکنی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔


قرارداد میں غیر ملکی قبضے کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی گئی اور دوسرے ممالک میں غیر قانونی فوجی مداخلت فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اقوام متحدہ میں مستقبل پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ قرارداد سے جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کی گئی ہے جس سے دنیا کی توجہ حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والوں پر مرکوز ہو گی۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ 83 ممالک کی شریک اسپانسر شپ حق خود ارادیت کی عالمی حمایت کے عزم کا اظہار ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے حق خود ارادیت کا زبردست حامی رہا ہے اور جموں و کشمیر سے فلسطین تک تمام لوگوں کو بلا امتیاز حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔