سعودی عرب نے جمال خاشقجی کے قتل پرسی آئی اے کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دے دیا

سعودی عرب نے جمال خاشقجی کے قتل پرسی آئی اے کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دے دیا
کیپشن: فوٹو: سکرین شاٹ

ریاض: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نےصحافی جمال خاشقجی کے قتل کا ذمہ دار ولی عہد محمد بن سلمان کو قرار دینے سے متعلق سی آئی اے کی رپورٹ کو  بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی کہتے ہوئے مسترد کر دیا ۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ عادل الجبیر نے سعودی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی تفتیشی ادارے سی آئی اے رپورٹ کی سخت الفاظ میں تردید کی۔ 

انہوں نے کہا کہ سی آئی اے نے حقائق سے منافی اپنی رپورٹ میں صحافی کے قتل کا حکم ولی عہد محمد بن سلمان سے منسوب کیا ہے۔ سعودی عرب ایسے ہر الزام کی تردید کرتا ہے اور سی آئی اے کی رپورٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ہمارے لیے ’ریڈ لائن‘ ہیں اور انتہائی محترم ہیں۔ کسی کو بھی ان محترم ہستیوں کے تقدس کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ امریکی تفتیشی ادارے سی آئی اے نے استنبول کے سعودی قونصل خانے میں قتل ہونے والے صحافی جمال خاشقجی سے متعلق رپورٹ میں قتل کا حکم ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیئے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔