کابل میں مذہبی تقریب کے دوران دھماکے , 40 افراد جاں بحق

 کابل میں مذہبی تقریب کے دوران دھماکے , 40 افراد جاں بحق
کیپشن: فوٹو: سکرین شاٹ

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مذہبی تقریب کے دوران دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا نماز مغرب کے بعد ایئرپورٹ روڈ پر واقع ہال میں جاری مذہبی تقریب میں ہوا،  دہشت گردی کا نشانہ بننے والا ہال شہر کے عین وسط میں واقع ہے اور دھماکے کے بعد سیکڑوں افراد وہاں موجود تھے۔

وزارت صحت نے 40 افراد کے جاں بحق اور 80 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے اور شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ابتدائی طور پر واقعے کو خودکش دھماکا رپورٹ کیا گیا ہے تاہم  سرکاری حکام یا سیکیورٹی فورسز نے دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

افغان میڈیا اور ٹی وی چینلز پر دھماکے کے بعد کے مناظر اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے ویڈیوز اور تصاویر نشر کی گئی ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے دھماکا پر موجود ہے اور زخمیوں کو ایمبولینسوں میں ڈالا جارہا ہے۔