کراچی سے لاپتہ ہونے والی 2 طالبات کے بارے میں مختلف افواہیں گرم

کراچی سے لاپتہ ہونے والی 2 طالبات کے بارے میں مختلف افواہیں گرم

سجاول: کراچی سے لاپتہ ہونے والی ضلع سجاول کے شہر  دڑو   کی دو طالبات کے بارے میں مختلف افواہیں گرم ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق اسکول ٹور کے دوران دڑو کے رہائشی چند لڑکے بھی  وہاں دیکھے گئے۔جس کے بعد لڑکیوں کی گمشدگی یا اغوا کے ساتھ ساتھ مرضی سے جانے کے زاویئے سے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ گلستان جوہر تھانہ کراچی میں ثنا میمن کے والد کی مدعیت میں اغوا  کا مقدمہ درج کر لیا  گیا۔

ذرائع کے مطابق دڑو شہرکے ہائی اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے طالبات کو پکنک ٹوئرکاپروگرام بنایاگیا تھا اور سترہ نومبرکو پچانوے طالبات کی بس کراچی میں علاوالدین پارک پہنچی، دڑو کے رہائشی اسکول ٹیچرعبداللہ میمن کی سولہ سالہ بیٹی ثناء میمن اور شوکت میمن دہی والاکی سولہ سالہ بیٹی نائلہ میمن بھی ان کی ہمراہ تھیں جو پراسرار طورپر لاپتہ ہوگئیں اسکول اسٹاف نے ڈھونڈنے کے بعد والدین کو اطلاع کی اور دیگرطالبات کو واپس دڑو پہنچایا،طالبات کی گمشدگی کے اسکول ٹیچرعبداللہ میمن نے دوسرے روز کراچی گلستان جوہرتھانے پر اغواکامقدمہ درج کرادیا، جس میں موقف اختیارکیاگیاہے کہ اس کی بیٹی ثنامیمن اور اس کے ساتھ نائلہ میمن کوعلاوالدین پارک سے  نامعلوم افراد نے بہلاپھسلاکرزناکی نیت سے اغواکرلیاہے ،گلستان جوہرکراچی تھانے پر مقدمہ نمبر479 زیردفعہ 365بی، 34 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کیاگیاہے ،تاہم گمشدہ لڑکیوں کا کوئی پتہ نہیں مل سکاہے ،اسکول ٹوئرکے دوران لاپتہ ہونے والی طالبات کے متعلق پورے شہرمیں مختلف قسم  افواہیں گرم ہیں.

دیگرذرائع کا کہناہے کہ دڑو کی طالبات کے اسکول ٹوئرکے دوران دڑو کے رہائشی چند لڑکوں کو بھی دیکھاگیاتھا، جس کے بعد طالبات کی گمشدگی کو دوسرے زاویے سے دیکھاجارہاہے۔ ایف آئی آرمیں طالبات کے موبائل نمبر بھی درج کرائے گئے ہیں جن کو ٹریس کرنے سے طالبات تک رسائی ممکن ہوسکتی ہے ۔ رابطہ کرنے پردڑو پولیس کے ایس ایچ او نے کہا کہ اس واقعے کے متعلق انہیں کسی قسم کی اطلاع نہیں ہے ، جس پر شہریوں کی جانب سے حیرت کا اظہارکیاگیاہے ، شہر کی دوطالبات کے لاپتہ ہونے کے غیرمعمولی واقعہ کو نظرانداز کرنے سے علاقہ پولیس کی کارکردگی کی قلعی کھل کرسامنے اگئی ہے۔