نجم سیٹھی کے گرد گھیرا تنگ

نجم سیٹھی کے گرد گھیرا تنگ

اسلام آباد: وفاقی احتساب بیورو(نیب)نے سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کے خلاف کیس سمیت 6 مختلف مقدمات ایف آئی اے کو بھجوادیے ہیں جبکہ نیب نے ایشیا انشورنس کے سی ای او ، چیف ایگزیکٹو اور فنانشل آفیسر کا مقدمہ بھی ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے.


نیب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی احتساب بیورو نے نجم سیٹھی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کا کیس ایف آئی اے کو بھجوایا ہے جب کہ ایشیا انشورنس کے سی ای او ، چیف ایگزیکٹو اور فنانشل آفیسر کا مقدمہ بھی ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔میپکو چیچہ وطنی کے لائن مین محمد ارشد کے معاملے کی تحقیقات بھی ایف آئی اے کرے گا جب کہ نیشنل بنک سرگودھا کے ایگری کلچر آفیسر فاروق الحسن اور دیگر کا مقدمہ بھی ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا ہے۔

لیسکو سب ڈویژن کریم پارک کے ایس ڈی او محسن اسلام ، ایس ڈی او ذیشان ارشد اور میٹر ریڈر مشتاق احمد کا کیس بھی ایف آئی اے کے سپرد کیا گیا ہے، اسی طرح یوفون کمپنی کے عبدالعزیز ، محمد علی ، سید ابرار حسین کا مقدمہ بھی ایف آئی اے کو دے دیا گیا۔