پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کیلئے بل گیٹس کا 1.08 بلین ڈالر دینے کا اعلان

پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کیلئے بل گیٹس کا 1.08 بلین ڈالر دینے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے اپنے تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بل گیٹس فاﺅنڈیشن نے 1.08 بلین ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ابوظہبی میں بل گیٹس سے ملاقات کی جس میں مخلتف پروگرامز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

بل گیٹس نے کہا کہ ان کی فاؤنڈیشن پاکستان کیساتھ پولیو کے خاتمے اور دیگر پروگرامز میں تعاون جاری رکھے گی۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے بل گیٹس کو پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تمام پروگرامز پر سو فیصد عمل درآمد کیلئے پر عزم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پولیو کے خاتمے اور پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلے ایک مربوط اور جامع منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ پاکستان میں پولیوکے خاتمے کیلئے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے 2.06 بلین ڈالر اور حکومت پاکستان150 ملین ڈالر فراہم کرے گی۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کیلئے بل گیٹس فاؤنڈیشن کی کوششیں قابل ستائش قرار دیا۔