رینکنگ بہتر کرنے کیلئے مضبوط ٹیموں کو شکست دینا ضروری ہے، کپتان بابر اعظم

Strong teams must be defeated to improve rankings, says captain Babar Azam
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے اگر ہم چاہتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی حاصل اور رینکنگ بہتر کریں تو اس کیلئے دنیا کی مضبوط ٹیموں کو شکست دینا ضروری ہے۔

کپتان بابر اعظم نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی بڑی ٹیموں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ خیال رہے کہ اس وقت پاکستان کا ون ڈے کی رینکنگ میں چھٹا اور ٹی ٹونٹی رینکنگ میں چوتھا نمبر ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں برطانوی ٹیم کی مثال دیتے ہوئے کہا جس کی ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں پہلی اور ٹی ٹونٹی میں دوسری پوزیشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی مضبوط ٹیم کیخلاف نوجوان کھلاڑی اپنا کھیل پیش کرکے اپنی صلاحیتوں میں بہتری لا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ بابراعظم 15 اکتوبر 1994ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ پاکستان کے علاوہ یہ نوجوان کھلاڑی اپنے ٹیلنٹ کی بدولت بہت سی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل لیگ میں نمائندگی کر چکے ہیں۔

بابر اعظم نے 2016ء میں دبئی میں ٹیسٹ ڈبیو کیا تھا۔ وہ اب تک 29 ٹیسٹ میچوں میں 45 اعشاریہ چوالیس کی اوسط سے 2045 رنز بنا چکے ہیں۔ ٹیسٹ میچوں میں ان کے پاس 143 رنز بنانے کا ریکارڈ ہے۔

انہوں نے 2015ء میں عالمی ون ڈے میچوں میں سب سے پہلے پاکستان کی نمائندگی کی اور اب تک 77 میچ کھیل کر 55 اعشاریہ ترانوے کی اوسط سے 3580 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کا ون ڈے میں زیادہ سے زیادہ سکور 125 ناٹ آئوٹ ہے۔

ٹی ٹونٹی میچوں کی بات کی جائے تو بابر اعظم اس میدان میں بھی اپنا لوہا منوا چکے ہیں۔ انہوں نے 7 ستمبر 2016ء کو مانچسٹر میں انگلینڈ کیخلاف ڈیبیو کیا تھا۔ وہ اب تک 44 میچ کھیل کر پچاس اعشاریہ ترانوے کی اوسط سے 1681 رنز بنا چکے ہیں۔