شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی بینکنگ کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز سمیت تمام ملزمان کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف اپنے خلاف کیس کی سماعت کے دوران لاہور کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے جس دوران عدالت نے ایف آئی اے سے سوال کیا کہ مقدمے کی عبوری رپورٹ سے متعلق کیا پیش رفت ہوئی؟ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عثمان کے شامل تفتیش نہ ہونے کے باعث ابھی تفتیش مکمل نہیں ہو سکی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم عثمان مقدمے میں شامل تفتیش کیوں نہیں ہوا، آج عبوری رپورٹ پیش کرنے کی تاریخ بتائیں ورنہ تفتیشی افسر سمیت سب کو اظہار وجوہ کا نوٹس دوں گا۔ بینکنگ کورٹ کے جج نے ریمارکس دئیے کہ تفتیش مکمل کرنے کا وقت پورا ہوئے زمانہ بیت گیا، 3 ہفتے کا وقت دے رہا ہوں، بعد میں وقت نہیں ملے گا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف جج کی اجازت سے روسٹرم پر آ گئے اور کہا کہ میں کل ہی اسلام آباد سے آیا ہوں، جب بھی آپ حکم کریں گے میں حاضر ہو جاؤں گا، یہ وہی کیس ہے جو نیب میں بھی ہے، رمضان شوگر مل میرے والد کی تھی، میرا اس سے کوئی تعلق نہیں، البتہ میرے اقدامات کی وجہ سے میرے بچوں کی شوگر ملز کو اربوں کا نقصان ہوا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نامکمل چالان طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ ایف آئی اے کو چالان پیش کرنے کیلئے کوئی مہلت نہیں ملے گی۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت تمام ملزمان کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کر دی۔