مشاہد حسین سید سیاسی جماعتوں کی سب سے بڑی تنظیم کے شریک چیئرمین منتخب 

مشاہد حسین سید سیاسی جماعتوں کی سب سے بڑی تنظیم کے شریک چیئرمین منتخب 
سورس: Twitter

استنبول: ایشیا کی سب سے قدیم اور سیاسی جماعتوں کی سب سے بڑی تنظیم انٹرنیشنل کانفرنس آف ایشین پولیٹیکل پارٹیز (آئی سی اے پی پی) نے متفقہ طور پر سینیٹر مشاہد حسین سید کو شریک چیئرمین منتخب کیا.

مشاہد حسین سید کا انتخاب ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونے والی دو سالہ کانفرنس میں کیا گیا جس میں 200 نمائندوں اور 70 رہنماؤں نے شرکت کی۔ 33 ممالک کی سیاسی جماعتیں بھی شریک ہیں۔

شریک چیئرمین کے لیے سینیٹر مشاہد کا نام تھائی لینڈ اور ایران نے تجویز کیا تھا اور ووٹنگ سے قبل چین، کمبوڈیا، روس، لبنان، ترکیہ اور انڈونیشیا نے اس کی حمایت کی تھی۔ جنوبی کوریا کے سابق وزیر خارجہ چنگ یویانگ کو  دوبارہ آئی کیپ کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ 

ہر دو سال میں ایک بار منعقد ہونے والی آئی کیپ کانفرنس نے 'استنبول اعلامیہ' بھی جاری کیا جس میں پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلابوں کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور 'کلائمیٹ فنانس اور کلائمیٹ جسٹس کے ذریعے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے' پر زور دیا۔

  

کانفرنس سے خطاب میں سینیٹر مشاہد حسین نے ان پر اعتماد کا اظہار کرنے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اپنے انتخاب کو ذاتی طور پرایک عاجزانہ تجربہ اور پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز' قرار دیا۔انہوں نے موجودہ دور کو ایشیا کے لیے ایک تاریخی تبدیلی قرار دیا کیونکہ'معاشی اور سیاسی طاقت کا توازن اب مغرب سے مشرق کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔

مصنف کے بارے میں