پاکستان اور سری لنکا چوتھے ایک روزہ میچ کیلئے آج شارجہ میں مدمقابل ہونگے

پاکستان اور سری لنکا چوتھے ایک روزہ میچ کیلئے آج شارجہ میں مدمقابل ہونگے

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ آج کھیلا جائے گا۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام 3بجے شروع ہوگا، قومی ٹیم نے سیریز پہلے ہی 0-3 سے اپنے نام کرلی ہے تاہم اب کپتان سرفراز احمد کی نظریں مہمان ٹیم کو وائٹ واش کرنے پر لگی ہیں۔سری لنکا کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری اسکور کرنے والے اوپننگ بلے باز امام الحق آج ہونے والے میچ کا بھی حصہ ہوں گے۔ 

شارجہ میں پاکستانی ٹیم ایک سو بائیس ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیل چکی ہے جن میں سے اکیاسی میچزمیں کامیابی نے گرین شرٹس کے قدم چومے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو چالیس ون ڈیز میں شکست ہوئی اور ایک میچ برابر رہا۔

 شارجہ میں سری لنکا کے ریکارڈ پرنظر ڈالی جائے توسری لنکا اٹھہتر ون ڈے میچوں میں سے صرف انتیس میچ جیت پایا ہے۔سینتالیس میچزمیں اسے شکست ہوئی جبکہ دو میچز برابر رہے.دونوں ٹیمیں آپس میں شارجہ میں پنتیس ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکی ہیں ۔ پاکستان نے بائیس اورسری لنکا نے بارہ میچزمیں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں ٹیموں کا ایک میچ ٹائی ہوا ۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز انضمام الحق کے پاس ہے جنھوں نے 59 میچز میں 2464 رنز بنائے جبکہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کے پاس ہے جنہوں نے 77 میچز میں 122 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔