حنیف عباسی نے عمران خان کی موقف میں تبدیلی کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کردی

حنیف عباسی نے عمران خان کی موقف میں تبدیلی کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کردی

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان کی جانب سے نااہلی کیس میں سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی منی ٹریل پر مزید اعتراضات اٹھاتے ہوئے عمران خان کی جانب سے موقف میں تبدیلی کی درخواست کومسترد کرنے کی استدعا کردی ہے۔


آج حنیف عباسی کی طرف سے سپریم کورٹ میں دائر متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے اپنے پہلے موقف کو یادداشت اور غلط مشورہ کہنے کا کوئی جواز نہیں ہے، عدالت کے سامنے غلط بیانی پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے، موقف میں کہاں اور کیا تبدیلی کرنی ہے عمران خان کی جانب سے اس کی بھی وضاحت نہیںکی گئی ہے ، قانون کے مطابق موقف میں درکار تبدیلی واضح کرنا ضروری ہے، موقف میں تبدیلی کی اجازت دینا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہوگا،عمران خان کی درخواست عدالتی نظام کی توہین ہے،


درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ لندن فلیٹ سے متعلق سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے جھوٹ بولا گیا، عمران خان جواب میں کہہ چکے نیازی سروسز بے وقعت ہوچکی تھی، عمران خان نے کہا تھا آف شور کمپنی صرف لندن فلیٹ کی خریداری کیلئے بنائی تھی لیکن فلیٹ کی فروخت کے بعد بھی نیازی سروسز کے اکائونٹ میں ٹرانزیکشنز ہوتی رہی ہے ، فروخت سے پہلے لندن فلیٹ بعد میں ملنے والی رقم اثاثہ تھی۔


حنیف عباسی نے اپنے اعتراضات میں مزید کہا ہے کہ نیازی سروسز کے اکائونٹ میں موجود ہزاروں پائونڈز گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے گئے، قانونی چارہ جوئی کیلئے مختص ایک لاکھ پائونڈ میں سے صرف پچیس ہزار سو لیسٹر کو ادا ہوئے، عمران خان دوسروں پر دیانتدار نہ ہونے کے الزامات لگاتے ہیں، عمران خان اپنے کنڈکٹ سے خود بھی راست گوہ اور صادق و امین نہیں ہیں ۔