عدلیہ اور ادارے صبر سے کام لے رہے ہیں : جہانگیر ترین

عدلیہ اور ادارے صبر سے کام لے رہے ہیں : جہانگیر ترین

جہانیاں: پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکر ٹری جہانگیر ترین نے کہا ہے نواز شریف اقرار کر لیں کہ انہوں نے قوم کا پیسہ لوٹا ہے،عدلیہ اور ادارے صبر سے کام لے رہے ہیں، ٹیکنو کریٹ حکومت کا قیام ملک کے مسائل کا حل نہیں ہے۔


خانیوال میں جلسہ کیلئے انتظامات کا معائنہ کرنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ نواز شریف جب سے نااہل ہوئے ہیں یہ عدلیہ پر حملے کررہے ہیں،عدلیہ نے بہت صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کو کچھ نہیں کہا ہے،یہ توہین عدالت کررہے ہیں۔نواز شریف اور ان کا خاندان جان بوجھ کر توہین عدالت کررہے ہیں تاکہ یہ سیاسی شہید بنیں،عدلیہ پر اور فوج پر انگلیاں اٹھا کر یہ سیاسی شہید بننے کی کوشش کررہے ہیں۔شریف خاندان کی یہ کوشش ہے کہ جس سے انہیں قوم کو یہ کہنے کا موقع ملے کہ دیکھا یہ سب ہمارے خلاف ہیں لیکن ہمیں امید ہے کہ ایسا نہیں ہو گا عدلیہ بھی صبر سے کام لے رہی ہے اور تمام ادارے بھی صبر سے کام لے رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی جانب سے انصاف کا عمل جاری ہے فرد جرم عائد ہو چکا ہے اب ٹرائل ہو گا گواہ پیش ہوں گے اور آخر کار ان کو پھر موقع دیا جائے گاکہ کہیں سے یہ جواب دے دیں کہ یہ پیسے کہاں سے آئے تھے یا پھر نواز شریف مان جائیں کہ یہ ملک و قوم کی دولت لوٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنو کریٹ حکومت کے متعلق سب افواہیں ہیں ابھی تک کسی ادارے نے اس کے متعلق سوچا ہے اور نہ ہی ٹیکنو کریٹ حکومت اس ملک کے مسائل کا حل ہے۔