مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج نے حاملہ خاتون کو شہید کر دیا

 مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج نے حاملہ خاتون کو شہید کر دیا
کیپشن: گزشتہ 3 روز کے دوران قابض فوج 9 کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے حاملہ خاتون کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے گزشتہ 3 روز کے دوران قابض فوج 9 کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں چند نامعلوم افراد کی جانب سے قابض فوج کے کیمپ پر گرنیڈ پھینکا گیا جس کے جواب میں بھارتی فوج نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

فردوسہ اختر نامی خاتون بھارتی فوج کی فائرنگ کی زد میں آنے سے شدید زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق خاتون اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھیں جب کہ وہ 5 ماہ کی حاملہ تھیں۔